صحت مند اور نرم وملائم جلد

چمکدار ، شفاف ، صحتمند اور نرم وملائم جلد

حسین نظر آنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے آپ صرف پارلر یا سیلون سے ہی اپنی جلد کو خوبصورت نہیں بنا سکتیں ، بلکہ چہرے کی دلکشی کے لوازمات گھر میں بھی دستیاب ہیں ۔ ان میں ایک اہم چیز مختلف قسم کی جڑی بوٹیاں ہیں جن کو ہم زیادہ تر کھانے کا ذائقہ بڑھانے میں استعمال کرتے ہیں اور بہت سے لوگ اس بات سے آگاہ نہیں ہیں کہ یہ جڑی بوٹیاں ہماری صحت تو خوبصورتی کے لیے بھی بہت ضروری ہیں ،صدیوں سے یہ جڑی بوٹیاں ادویات اور کاسمیٹکس میں استعمال ہو رہی ہیں ۔ اپنے حُسن کو دو آتشہ کرنے کے لیے ان آزمودہ ٹپس پر عمل کرکے جادوئی اثر دیکھیں

پودینہ:-

صدیوں سے پودینا اپنے ذائقے ، خوشبو اور شفا بخش خوبیوں کی وجہ سے استعمال ہورہا ہے ۔ پودینے کا رس چہرے کی صفائی کے لیے بہترین سمجھا جاتا ہے ۔ یہ جلد کے مردہ خلیات کو ختم کرکے نرم و نازک احساس دیتا ہے ۔ 3 کھانے کے چمچے تازہ پودینے کے پتے ، 2 کھانے کے چمچے سیب کا سرکہ ، ایک کپ اُبلا پانی مکس کرکے تین دن پڑا رہنے دیں پھر چھان کے بوتل میں رکھ لیں ۔ روئی اس میں بھگو کر دن میں دو مرتبہ چہرے پر لگائیں ۔ منہ کی ناخشگوار بو دور کرنی ہو تو پودینے کے پتے چبائیں یا پانی میں اُبال کے غرارے کریں ۔

مہندی:-

مہندی قدرت کا انمول عطیہ ہے ۔ خوبصورت اور مضبوط بالوں کا اہم راز مہندی میں پوشیدہ ہے ، یہ ایک بہترین کنڈیشن کا کام بھی دیتی ہے ۔ بالوں کو خوبصورت رنگ دینا ہو جس سے نقصان بھی نہ ہو اس ضمن میں قدرتی اشیاء سے استفادہ کریں ۔ 50 گرام آملہ پاوڈر ، 50 گرام میتھی دانہ ، ایک چمچہ کافی اور پیاز کے 4-3 اوپر کے باریک چھلکوں کو پانی کے ساتھ مکس کرکے اُبال لیں ، اب اس میں 50 گرام مہندی مکس کرکے آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں ، لگانے سے پہلے 1 انڈا ، سرسوں کا تیل ، 1 چمچہ سرکہ ، 2 چمچے دہی مکس کریں اور ہفتے میں دو مرتبہ دو گھنٹے کے لیے بالوں میں لگائیں ۔ اگر آپ کے بال سفید ہورہے ہیں تو اس کے لیے 50 گرام سرسوں کے تیل میں 100 گرام مہندی کے پتے اُبال لیں پھر چھان کے بالوں کی جڑوں میں لگائیں ،یہ بالوں کو سفید ہونے سے روکنے کے ساتھ ان کو مضبوط بھی کرتے ہیں ۔

دار چینی:-چہرے سے بلیک ہیڈ اور وائیٹ ہیڈ ختم کرنے کے لیے تین چمچہ شہد ، ایک چمچہ دار چینی پاوڈر کا پیسٹ بنا کر ہر روز رات کو فیس پیک لگائیں اور صبح چہرہ نیم گرم پانی سے دھو لیں ، دو ہفتے لگاتار لگانے سے یہ ختم ہوجائیں گے ۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اگر آدھا چائے کا چمچہ دار چینی کو روزانہ خوراک میں شامل کر لیا جائے تو یہ کولیسٹرول کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے ۔

صندل:-اکثر خواتین کے چہرے پر کیل مہاسوں اور دانوں کے نشانات رہ جاتے ہیں ۔ چہرے کو ان نشانات سے صاف کرنے کے لیے صندل کے پاوڈر سے استفادہ کریں ۔ صندل پاوڈر کو عرق گلاب میں مکس کرکے چہرے پر رات کو سونے سے پہلے لگائیں اور صبح منہ دھو لیں اگر آپ کو محسوس ہو کہ اس کے لگانے سے جلد خشک ہورہی ہے تو چند گھنٹے لگانے کے بعد دھولیں ، چہرے کے کھلے مسامات کے لیے صندل پاوڈر اور دال مسور کے پانی یا عرق گلاب کی آمزش سے بنی پیسٹ چہرے پر ساری رات کے لیے لگائیں اور صبح دھولیں ، یہ مسامات کو بند کرنے کی آسان ترکیب ہے ۔

لیونڈر:-ایک اسٹرابیری ، دو چمچ دہی ، آدھا چمچہ ملتانی مٹی، آدھا چمچہ لیونڈر مکس کرکے چہرے اور گردن پر لگائیں اور خشک ہونے پر دھو کر عرق گلاب لگائیں ، یہ اجزاء جلد کو نرم و ملائم بناتے ہیں ۔ پیپرمنٹ ، لیونڈر اور روزمیری کی برابر مقدار کر مکس کریں ۔ اس خشک آمیزے کا ایک چمچ ، ایک کپ اُبلتے پانی میں ڈالیں اور 15 منٹ ڈھانپنے کے بعد چھان کے ماؤتھ واش کے طور پر استعمال کریں ۔

ہلدی:-ہلدی جراثیم کش خصوصیات کی وجہ سے مشہور ہے ، چہرے پر پھنسی ، دانے وغیرہ شخصیت کو بُری طرح متاثر کرتے ہیں ان سے نجات کے لیے ہلدی اور نیم کے پتوں سے پیسٹ بنا کے پھنسی اور دانوں پر لگانے سے یہ آہستہ آہستہ ختم ہوجاتے ہیں ۔ اسکن کی چمک کے لیے ناریل کے تیل میں ہلدی ملا کر نہانے سے پہلے مساج کریں ۔

روز میری:-پسینے کی بو کے ناگوار تاثر سے نجات حاصل کرنے کے لیے ثابت دھنیا ، دارچینی ، روزمیری ، زیرہ ، سونف ململ کے رومال میں باندھ لیں اور اسے غسل کے پانی میں ڈال دیں ان چیزوں کی خوشبو پسینے کی بُو دور کرکے آپ کو مہکتا ہوا احساس دے گی ۔

میتھی:-

میتھی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ میتھی دانہ کو شہد اور لیموں کے ساتھ کھایا جائے تو یہ بخار کی شدت کو کم کرنے میں مدد دیتا ہے ۔

آملہ ، ریٹھہ ، سیکاکائی:-

بالوں کی افزائش کا صدیوں پُرانا نسخہ ہے جو اب تک بہترین سمجھا جاتا ہے ، ان تینوں کی برابر مقدار کو پیس کر ایک لیٹر پانی میں رات بھر بھگو دیں صبح اس پانی کو اُبال لیں جب چوتھائی حصّہ رہ جائے تو اسے چھان کے بال دھوئیں ۔ آملہ ، ریٹھہ ، سکاکائی کا تیل بھی بالوں کے لیے بہترین ہے ۔ ثابت آملہ ، ریٹھہ ، سکاکائی برابر مقدار میں ایک سے ڈیڑھ جگ پانی میں دو دن بھگو کر اتنا اُبالیں کہ ان کے چھلکے اتر جائیں ، ہاتھوں سے اچھی طرح مسل لیں اور چھان کے ایک پاؤ سرسوں کاتیل ڈال کے دوبارہ اُبال لیں ، تیل اوپر آجائے تو تیل کو الگ کرکے بوتل میں محفوظ کرلیں ۔ رات کو اچھی طرح تیل سے اچھی طرح بالوں کی جڑوں میں مساج کریں اور صبح سر دھو لیں ۔ آپ کے بال نرم و ملائم ، مضبوط ، گھنے اور لمبے ہو جائے گے ۔ بالوں میں نئی جان پڑ جائے گی ۔

سونف: –

امراض معدہ اور قبض میں سونف بہت مفید ہے ۔ ایک گلاس نیم گرم پانی میں آدھا چمچ سونف ڈالیں اور اسے سونے سے قبل کچھ دن لگاتار پیئیں ۔ دو چائے کے چمچے سونف پاوڈر کو آدھا کپ پانی میں اُبالیں ، اُبال آنے پر اُتار لیں اور آدھا لیموں کا رس ڈال کر پندرہ منٹ ڈھانپ کے رکھیں ، ٹھنڈا کرکے فیس کلنزر کے طور پر استعمال کریں ، جراثیم کُش ہونے کی وجہ سے سونف جلد کی صفائی کے لیے بہترین ہے ۔

السی:-

السی کے بے شمار فائدے ہیں ۔ اس میں موجود فائبر اور اومیگا تھری ، فیٹی ایسڈز ، ذیابیطس ، دل کے امراض ، قبض ، وزن کم کرنے ، ڈپریشن اور خوبصورت جلد میں مددگار ہے ۔ السی کو پیس کے فریج میں رکھ لیں روزانہ ایک سے دو چمچ کھائیں اور بعد میں پانی پی لیں ۔

تھائم: –

سینے کے امراض حل کرنے میں تھائم کی چائے شہد کے ساتھ سُود مند ہے ۔ ایک کپ چائے پی کر لیٹ جائیں ، آپ پندرہ منٹ میں ہی سینے کو ہلکا ہوتا محسوس کریں گے ۔

نوٹ: –

کوئی بھی نئی چیز استعمال کرنے سے پہلے کلائی پر کچھ دیر لگا کر دیکھیں اگر چبھن نہ ہو تو پھر چہرے پر لگائیں ۔

اس موضوع کو جواب دیں

یہ سائٹ انفرادی کمپیوٹر، پرسنل سروس سیٹنگ، تجزیاتی و شماریاتی مقاصد، مواد اور اشتہارات کی کسٹمائزیشن میں فرق تلاش کرنے کے لئے کوکیز اور دوسری ٹریکنگ ٹیکنالوجیز کو استعمال کرتی ہے نجی معلومات کی حفاظتی اور کوکیز پالیسی